پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے منعقد کی جانے والی ’’حقیقی آزادی ریلی‘‘کے لیے تیار مرکزی کنٹینر معمولی حادثے کا شکار ہو گیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ساؤنڈ سسٹم متاثر ہوا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فراز مغل کے مطابق، ریلی کے مرکزی کنٹینر کو 11 ہزار وولٹ کی لائن سے ٹکرانے کے باعث ساؤنڈ سسٹم میں خرابی پیش آئی، جس کے نتیجے میں سسٹم کا کچھ حصہ جل گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معمولی نوعیت کا تکنیکی حادثہ ہے اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
فراز مغل نے کہا’’بڑے ایونٹس میں ایسے تکنیکی مسائل آتے رہتے ہیں، ریلی کی تیاریوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامیہ نے فوری طور پر متبادل ساؤنڈ سسٹم کی تیاری شروع کر دی ہے، جبکہ تکنیکی ٹیم سسٹم کی بحالی کے لیے متحرک ہو چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق، ریلی اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی، اور شرکاء کو کسی قسم کی رکاوٹ یا کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی ریلی بانی جماعت عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی سلسلے کا اہم حصہ ہے، جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔





