اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان اور رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کی مسلسل غیر حاضری پر ان کی نشست خالی قرار دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ شیخ وقاص اکرم گزشتہ 40 دن سے زائد عرصے سے بغیر کسی رخصت کے غیر حاضر ہیں، جو آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت ان کی رکنیت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ’’رکن قومی اسمبلی اگر مسلسل 40 روز تک بغیر رخصت کے غیر حاضر رہے تو اسپیکر یہ معاملہ ایوان کے نوٹس میں لاتا ہے، اور قانون کے تحت اس کی نشست کو خالی قرار دیا جا سکتا ہے۔‘‘
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رکن نوشین افتخار نے باقاعدہ طور پر شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ’’شیخ وقاص مسلسل غیر حاضر ہیں، لہٰذا آئین کے تحت ان کی نشست ختم کی جائے۔‘‘
رکن اسمبلی طارق فضل چوہدری نے بھی اس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں میاں محمد سومرو کی نشست بھی 40 دن غیر حاضری کی بنیاد پر خالی قرار دی جا چکی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے معاملے پر آئینی و پارلیمانی قواعد کے مطابق کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے تحریک کو متعلقہ مراحل میں داخل کرنے کا عندیہ دیا۔
اگر شیخ وقاص اکرم کی رکنیت آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت ختم کی جاتی ہے تو یہ پی ٹی آئی کے لیے ایک اور پارلیمانی نقصان ہوگا، بالخصوص ایسے وقت میں جب پارٹی پہلے ہی سیاسی دباؤ اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہی ہے۔





