گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے حسب روایت کارکنوں کو مشکل میں چھوڑ کر راہِ فرار اختیار کی اور ہماری سیاسی ’’ناک‘‘ کٹوا دی۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی نے سخت لہجے میں کہا کہ ’’دہشت گردوں کو لانے والے یہی لوگ ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پیدا ہونے والی بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کا ذمہ دار موجودہ صوبائی حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ ’’کوئی صوبہ کسی دوسری ریاست سے براہ راست بات نہیں کرتا، یہ کام صرف وفاق کا ہے۔‘‘
گورنر کے ان بیانات نے خیبرپختونخوا کی سیاسی فضا کو ایک بار پھر گرما دیا ہے، جبکہ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ الزامات حکومت اور گورنر ہاؤس کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کریں گے۔





