پی ٹی آئی کا9مئی میں سزا کے بعدخالی نشستوں پرضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے مقدمات میں اپنے رہنماؤں کو سنائی گئی سزاؤں کے بعد ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی، اور اپنے تمام امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل(ایکسپریس نیوز)کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنی مرکزی و صوبائی قیادت کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ این اے 66، پی پی 87 اور دیگر خالی نشستوں کے ضمنی انتخابات سے دستبردار ہو جائیں۔ تاہم، لاہور کے حلقہ این اے 129 میں، جہاں سابق وفاقی وزیر میاں اظہر کے انتقال کے بعد نشست خالی ہوئی، پی ٹی آئی کے امیدوار حماد اظہر سمیت کئی رہنماؤں نے پہلے ہی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے تھے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 129 میں امیدواروں کی عبوری فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں نمایاں ناموں میں پی ٹی آئی کے حماد اظہر، اویس انجم اور میاں جمیل شامل ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے رانا مشہود اور حافظ میاں محمد نعمان نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے معروف شاعر و سیاستدان حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ جالب اور آصف ناگرہ بھی میدان میں ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 8 اگست سے شروع ہوگا، جبکہ این اے 129 پر ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔

Scroll to Top