لنڈی کوتل اسپتال کی بجلی بند کرنے کی دھمکی، ٹیسکو چیف کی ہٹ دھرمی ناقابل قبول،عدنان قادری

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور عدنان قادری نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسکو چیف بدمعاشی پر اتر آئے ہیں اور مسلسل انسانیت سوز رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

عدنان قادری کے مطابق ٹیسکو چیف نے دھمکی دی ہے کہ آئندہ سات روز میں ہسپتال کی بجلی مکمل طور پر منقطع کر دی جائے گی۔

اس اقدام کو انہوں نے غریب مریضوں کے خلاف ظلم قرار دیا اور خبردار کیا کہ اگر ٹیسکو کا یہی رویہ جاری رہا تو صوبائی و قومی اسمبلیوں، سینیٹ اور دیگر اہم مقامات پر احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔

وزیر مذہبی امور نے واضح کیا کہ بجلی کی سہولت مریضوں کا بنیادی حق ہے، جسے ہر قیمت پر بحال رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے قبائلی اضلاع کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، اور اب اسپتال جیسی بنیادی سہولت بھی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عدنان قادری نے انکشاف کیا کہ ہسپتال کا بجلی میٹر ٹیسکو گریڈ اسٹیشن میں نصب ہے جہاں سے جعلی بل جاری کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ذاتی کوششوں سے تین ہفتے قبل اسپتال کے ذمہ پانچ فیصد (تقریباً پانچ کروڑ روپے) واجبات ادا کیے گئے اس کے باوجود بجلی کی فراہمی پہلے آٹھ گھنٹے سے کم کر کے چار گھنٹے کی گئی اور اب مکمل بندش کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسکو چیف کو بدمعاشی اور دھونس کی بجائے غریب مریضوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنی چاہیے۔

Scroll to Top