اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اگر ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی تو یہ خود اپنی سیاست کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔
نجی ٹی ویی دنیا نیوز کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے کوئی معافی نہیں دی جا سکتی کیونکہ نااہلیاں شواہد اور عدالتی ٹرائل کے بعد دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرم کرنے والا چاہے کسی عہدے پر کیوں نہ ہو، سزا ضرور ملنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے تحریک انصاف میں گروپ بندی اور اندرونی انتشار کی نشاندہی کی اور کہا کہ پارٹی میں مختلف گروپس کی موجودگی کی وجہ سے پالیسی کلیئر نہیں ہو رہی، جس سے پارٹی کو سیاسی نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی احتجاجی حکمت عملی بھی ناکام رہی ہے اور ان کے احتجاج ناکافی اور غیرموثر ثابت ہوئے ہیں۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ 14 اگست کے بجائے 15 اگست کو احتجاج کرے تاکہ بھارت کو واضح پیغام جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی میدان میں کبھی خلا نہیں چھوڑا جاتا اور پارلیمان میں بات چیت ضروری ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر بھی کرپشن کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ وہ میگا کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سینیٹ سیکرٹریٹ نے عہدہ کیوں خالی قرار دیا؟ بڑی خبر سامنے آ گئی
عطا تارڑ نے پرتگال اسکینڈل کے حوالے سے بھی تحقیقات کا ذکر کیا اور کہا کہ اس معاملے میں کئی نام سامنے آئے ہیں۔
آخر میں وفاقی وزیر نے خواجہ آصف کے استعفے کے حوالے سے پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق کے درمیان تعاون جاری ہے اور تحقیقات مکمل کی جا رہی ہیں۔





