لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان نے صوبے بھر کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان جمعرات کے روز صوبائی وزیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جس کے مطابق اب پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول یکم ستمبر کو کھلیں گے۔
اس سے قبل موسم گرما کی چھٹیاں 14 اگست تک مقرر تھیں، تاہم صوبے میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث تعطیلات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ چھٹیوں میں توسیع سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی، لیکن بچوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے فوری طور پر نظرِثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے کھل چکے ہیں، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وائٹ ہاؤس میں افطارڈنر، امریکی صدر کا پاکستانی سفیر کی موجودگی پر اظہار تشکر
پنجاب میں چھٹیوں کا 31 اگست تک بڑھایا جانا طلبہ کے مفاد میں نہیں ہے، خصوصاً میٹرک کی تیاری کرنے والے طلبہ شدید متاثر ہوں گے۔
نجی اسکولز کی نمائندہ تنظیم نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیصلے پر نظرِثانی کریں اور تعلیمی نقصان سے بچنے کے لیے اسکول جلد کھولنے کی اجازت دی جائے۔
ادھر والدین کی جانب سے بھی ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ نے اس فیصلے کو سراہا ہے جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ طویل تعطیلات سے تعلیمی تسلسل ٹوٹ رہا ہے۔





