وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و قانونی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان خان کے لیے سیاست اور تحریک انصاف کی قیادت سنبھالنا آسان کام نہیں۔
انہوں نے اس خیال کا اظہار ایک بیان میں کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں تحریک کی سربراہی کا بوجھ اٹھانا کسی بھی غیر سیاسی شخصیت کے لیے چیلنج ہے۔
اگر عمران خان کے بیٹے سیاست میں آنا چاہتے ہیں اور ان حالات میں تحریک کی قیادت کرنا چاہتے ہیں، تو یہ آسان کام نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اگست کو دی گئی احتجاجی کال پر عوامی ردعمل نہ ہونے کے برابر رہا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب ایسے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔
میرے خیال میں عمران خان کے بیٹوں نے ویزہ نہیں مانگا، اگر مانگیں تو دے دینا چاہیے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ اتحادی حکومت کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور’’آئندہ 2 سے 3 سال میں ملک کو درپیش کئی بڑے مسائل حل کر لیے جائیں گے۔‘‘
رانا ثنااللہ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کی ممکنہ قیادت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، خصوصاً عمران خان کی غیر موجودگی میں ان کے خاندان کا کردار زیر بحث ہے۔





