وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و قانونی امور، رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ آزادی کے موقع پر احتجاج سے گریز کرے اور اپنی سیاسی سرگرمی کو کسی اور دن منتقل کرے۔
نجی ٹی وی چینل(جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن معرکہ حق کی کامیابی، قومی وحدت اور آزادی کی علامت ہے، اس لیے اس دن کو احتجاج سے منسلک کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ احتجاج کرنا چاہتی ہے تو وہ اسے 14 اگست سے ایک دن پہلے یا بعد میں منعقد کرے۔
’’یومِ آزادی کو سیاسی محاذ آرائی سے بالاتر رکھنا چاہیے۔ یہ دن صرف ریاست، قوم اور قربانیوں کو یاد کرنے کا ہے، اختلافات کا نہیں۔‘‘
یاد رہے کہ 6 اگست کو پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ’’ایکس‘‘ (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا تھا، جس میں کارکنوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ملک میں جاری مبینہ ’’فاشزم‘‘ کے خلاف بھرپور احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔یہ ہدایت 5 اگست کو پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کی ناکامی کے بعد سامنے آئی، جن میں کارکنوں کی محدود تعداد اور پولیس کی سخت کارروائی نے احتجاج کی شدت کو کمزور کیا۔





