باجوڑ: انتظامیہ نے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی تفصیلات جاری کر دیں

باجوڑ (عباس خان) باجوڑ کی تحصیل ماموند میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث اب تک تقریباً 33 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مختلف عارضی مقامات پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ انہیں فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 116 سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو عارضی رہائش گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں 9 ہزار 132 افراد قیام پذیر ہیں۔ ان میں 196 مرد، 2 ہزار 15 خواتین اور 5 ہزار 141 بچے شامل ہیں۔اس کے علاوہ، باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں بھی متاثرہ خاندانوں کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے جہاں 434 خاندانوں کے مجموعی طور پر 2 ہزار 497 افراد خیموں میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق، تقریباً 20 ہزار افراد مقامی آبادی کے گھروں میں مقیم ہیں، جن کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے تاکہ ان تک بھی امداد اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں جبکہ مقامی و بین الاقوامی فلاحی اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top