جشنِ آزادی: 12 بجے کی خوشی، لمحوں میں اُداسی میں بدل گئی ،خوشیاں اسپتالوں تک جا پہنچیں

کراچی: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر جہاں ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے تقریبات جاری ہیں، وہیں کراچی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات نے جشن کو افسوسناک رخ دے دیا۔

پولیس کی سخت وارننگ کے باوجود شہر میں 12 بجتے ہی مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 15 مرد، 2 خواتین، ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سول اسپتال میں 5، جناح اسپتال میں 3 اور عباسی شہید اسپتال میں 11 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بارہا تنبیہ کی گئی تھی کہ ہوائی فائرنگ ایک خطرناک اور قابلِ سزا جرم ہے، تاہم بدقسمتی سے جشن آزادی کے دوران یہ خطرناک رجحان ایک بار پھر دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب کراچی کی بڑی شاہراہوں اور عمارتوں کو خوبصورت قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا، جس نے شہر کے رنگ و روپ ہی بدل دیے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا 79واں یومِ آزادی، خوشیوں کی فضا میں ملک بھر میں جشن کا سماں

اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی یومِ آزادی کے حوالے سے تقاریب، آتش بازی اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جشنِ آزادی کو خوشیوں تک محدود رکھیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top