پاکستان بھر میں 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ شاندار انداز میں منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یومِ آزادی کی تقریبات اس بار حالیہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی فتح کے پس منظر میں مزید پرجوش اور بامعنی ثابت ہوئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد رات گئے سڑکوں پر نکل آئی، ریلیاں نکالی گئیں، اور ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار چھا گئی۔
صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو آزادی کی 78ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ اپنے خصوصی پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے تحریک پاکستان کے ہیروز، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان قربانیوں، جدوجہد، اتحاد اور جرات کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں یہ آزاد وطن نصیب ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کا جشن ہم ایک تازہ امید، نیا عزم اور عظیم قومی فتح کے جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔صدرِ مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
اسلام آباد، جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرِ مملکت، وزیرِاعظم، فیلڈ مارشل اور اعلیٰ عسکری قیادت کے علاوہ دوست ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔ تینوں مسلح افواج کے بینڈز نے مارچ پاسٹ اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضائی سلامی دی اور آسمان نعرہ تکبیر سے گونج اٹھا۔
مزار قائد پر پاک نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں اعزازی فرائض انجام دیے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سندھ حکومت کی زیراہتمام شاندار تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور ہزاروں شہری شریک ہوئے۔ معروف گلوکار سجاد علی، حدیقہ کیانی، طفیل سنجرانی، کیفی خلیل اور ڈی جے ثقلین نے پرفارمنس سے سماں باندھ دیا۔
مزاراقبال پر پاک فوج کے دستے نے اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی۔ شہریوں، طلبہ اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تقریبات میں ترکیہ اور آذربائیجان کی افواج کے دستوں کی شرکت نے پاکستان کے ساتھ عالمی برادری کی یکجہتی کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے پریڈ میں حصہ لے کر پاک فوج کے شانہ بشانہ اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔
قومی قیادت نے عوام پر زور دیا کہ وہ آزادی کے حقیقی مفہوم کو سمجھتے ہوئے اتحاد، قربانی، حب الوطنی اور عوامی فلاح کے لیے کام کریں تاکہ پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔





