یومِ آزادی پر گوگل کا پاکستانیوں کو خراج تحسین، سبز ہلالی پرچم کیساتھ خصوصی ڈوڈل جاری

پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اس خصوصی ڈوڈل میں نیلے آسمان کی وسعتوں میں سبز ہلالی پرچم کو لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب کہ پس منظر میں سفید بادلوں کے درمیان لفظ’’ google‘‘ فنکارانہ انداز میں نمایاں ہے۔

گوگل ہر سال دنیا بھر کے اہم تہواروں، تاریخی مواقع اور ممتاز شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اپنے ہوم پیج پر ڈوڈل تبدیل کرتا ہے۔پاکستان کے لیے یہ روایت 2011 سے جاری ہے، جب گوگل نے پہلی بار مینارِ پاکستان اور چاند و ستارے سے مزین سبز رنگ کے ڈوڈل کے ذریعے یومِ آزادی کی مبارکباد دی تھی۔اس سال کا ڈوڈل پاکستان کے پرچم، فضا اور فخر کو ایک دلکش اور سادہ انداز میں پیش کرتا ہے، جو قوم کی آزادی، خودمختاری اور ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی گوگل کا خصوصی ڈوڈل پاکستانی صارفین کی بھرپور توجہ کا مرکز بن گیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے اسے سراہتے ہوئے گوگل کے اس محبت بھرے اشارے کو سراہا اور کہا کہ’’یہ ڈوڈل صرف ایک تصویر نہیں، بلکہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر عزت، پہچان اور محبت کی علامت ہے۔

گوگل کی یہ کاوش نہ صرف یومِ آزادی کی خوشیوں میں ایک خوبصورت اضافہ ہے، بلکہ یہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور قومی دنوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

Scroll to Top