واٹس ایپ کا نیا فیچر، صارفین کے لیے زبردست سہولت

واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے چیٹنگ کو مزید آسان بنانے کی غرض سے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا ہے، جسے “رائٹنگ ہیلپ” کا نام دیا گیا ہے۔

یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔

“رائٹنگ ہیلپ” فیچر کا مقصد میسج تحریر کرنے، ترمیم کرنے اور جواب دینے کے عمل کو زیادہ مؤثر، فوری اور فطری بنانا ہے۔ اگر کوئی صارف الفاظ کے چناؤ میں الجھن محسوس کرتا ہے، جلد بازی میں میسج لکھ رہا ہو، یا محض اپنے پیغام کو بہتر انداز میں پیش کرنا چاہتا ہو تو یہ فیچر حقیقی وقت میں مدد فراہم کرے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر دیگر روایتی اے آئی اسسٹنٹس کی طرح کلاؤڈ پر انحصار نہیں کرتا، بلکہ اسے “آن-ڈیوائس انٹیلیجنس” کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یعنی صارف کے پیغامات کسی بیرونی سرور پر نہیں بھیجے جائیں گے، بلکہ ان کا تجزیہ مکمل طور پر اسی ڈیوائس پر کیا جائے گا جس پر واٹس ایپ استعمال ہو رہا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر محدود صارفین کو دستیاب ہے اور اسے باضابطہ طور پر ابھی عام صارفین کے لیے جاری نہیں کیا گیا۔ صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اس فیچر کو استعمال کرنا چاہیں یا نہیں، کیونکہ یہ بائی ڈیفالٹ بند ہوگا اور ضرورت پڑنے پر سیٹنگز میں جا کر اسے فعال کیا جا سکے گا۔

اس فیچر کے تحت صارفین کو اے آئی کی جانب سے کسی بھی پیغام کے لیے مختلف تجاویز فراہم کی جائیں گی، جن میں سے وہ اپنی مرضی سے کسی ایک کو منتخب کر سکیں گے۔ اگرچہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ٹیسٹنگ میں ہے، تاہم اس کی مکمل ریلیز کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Scroll to Top