کوہاٹ کے نواحی علاقے ریگی شینو خیل، تانڈا ڈیم کے قریب واقع کالو بانڈہ میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں سات افراد قتل کر دیئے گئے، واقعے میں ایک نوجوان زخمی ہوا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعہ رات گئے پیش آیا، فائرنگ کے بعد مقامی افراد نے پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی جس پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتولین کی لاشیں اور زخمی شخص کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کیا گیا، زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت کے باعث پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔
مقتولین کی شناخت عبدالصمد، ساجد ، یوسف ، اشفاق ، مصطفیٰ، حمزہ اور یاسر کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت عبدالرزاق جن کی عمر 18 سال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹے کی فائرنگ سے جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللہ شدید زخمی ، بیٹا، بیٹی جاں بحق، اہلیہ زخمی
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے تمام افراد کا تعلق خڑہ گڑھی محمد زئی سے تھا۔ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔





