حمد اللہ خان
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ایبٹ آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ویزہ فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت امیر ولد سکندر زمان کے نام سے ہوئی ہے، جو سکنہ تبدیلی خواجہ، ایبٹ آباد کا رہائشی ہے۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے بیرون ملک ملازمت کے ویزے فراہم کرنے کے جھانسے میں آ کر کم از کم 12 افراد سے مجموعی طور پر 96 لاکھ 90 ہزار روپےبٹورے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ نہ تو انہیں وعدے کے مطابق ویزے فراہم کیے گئے اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ ملزم مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے بعد عمان فرارہو گیا تھا، جہاں سے واپسی پر اسے ایف آئی اے ٹیم نے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئےمرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ایمگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمہ نمبر 66/2025 پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے، اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔





