پشاور :خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب (فلش فلڈ) کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اےکے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 385 افراد جاں بحق اور 182 زخمی ہو چکے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 299 مرد، 52 خواتین اور 34 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچےشامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں 1398 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں1030 گھروں کو جزوی اور 368 گھروں کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیررہا جہاں اب تک228 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ صوابی میں اموات کی تعداد 41 تک جا پہنچی ہے۔
دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام شامل ہیں، جہاں مختلف مقامات پر جان لیوا حادثات پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کوفوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی گدون دالوڑی سانحہ،ریسکیو آپریشن مکمل،جانی نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں
ادارے کے ترجمان کے مطابق، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورت حال، موسمی اپڈیٹس یا امداد کے لیےفری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





