بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں سننے والا بینچ تبدیل

بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں سننے والا بینچ تبدیل

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دائر 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

نئے بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان  کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اب اس اہم مقدمے کی سماعت کرے گا، جو صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہونے کا امکان ہے۔

عمران خان نے 9 مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں ضمانت کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ان مقدمات میں بغاوت، جلاؤ گھیراؤ اور حساس تنصیبات پر حملوں سے متعلق الزامات شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بینچ میں تبدیلی ایسے وقت پر کی گئی ہے جب ملک کی سیاسی فضا ایک بار پھر کشیدہ ہے اور تحریک انصاف ان مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دے رہی ہے۔

بینچ کی تبدیلی کو سیاسی اور قانونی حلقوں میں گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ عمران خان کے خلاف دائر مقدمات کی نوعیت اور ان کی موجودہ سیاسی حیثیت اس کیس کو غیر معمولی اہمیت دیتی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس مقدمے کی سماعت ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

Scroll to Top