سیاسی کمیٹی سے دوری پر مطمئن ہوں، بانی کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے، شاندانہ گلزار

شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی سیاسی اور کور کمیٹی کا حصہ نہ ہونے پر مطمئن ہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ہر فیصلے کو بلا چوں چرا قبول کرتی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار کا کہنا تھااللّٰہ کا شکر ہے کہ میں سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی میں شامل نہیں، میں صرف پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں اور بانی جو بھی فیصلہ کرتے ہیں، ہم اسے تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی میں عہدوں کی لڑائی کا وقت نہیں بلکہ یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حالیہ عام انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’یہ کھمبا الیکشن تھا، جن لوگوں کو کوئی جانتا بھی نہ تھا، وہ بانی کے نام پر اسمبلی میں آ گئے۔‘‘

شاندانہ گلزار نے وضاحت کی کہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن اتحاد کا سربراہ بنانے کا فیصلہ بھی بانی پی ٹی آئی کا تھا، اور اب بھی اگر انہیں اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے تو یہ پارٹی قیادت کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔’’بانی کو ایسا شخص چاہیے جو سچ بولے، کھل کر پاکستان اور آئین کا دفاع کرے۔ اگر بانی نے فیصلہ کیا ہے تو ہمیں دل چھوٹا کرنے کی ضرورت نہیں۔‘‘

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بعض افراد پارٹی کے اندر عہدے اور ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے سرگرداں ہیں، جو افسوسناک ہے۔’’لوگ ٹکٹوں کے لیے لڑے مرے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ جنہوں نے بانی کے نام پر ایم این اے یا سینیٹر بنے، انہیں ان کے فیصلے بھی قبول کرنے چاہییں، چاہے وہ فیصلے صحیح ہوں یا غلط وقت ہی ثابت کرے گا۔

شاندانہ گلزار نے زور دے کر کہا کہ پارٹی کے تمام ممبران، خواہ وہ قومی اسمبلی میں ہوں یا سینیٹ میں، سب کو بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔’’ہمارا یہ حق نہیں کہ بانی کے فیصلے کے خلاف جائیں۔ پوری پارلیمانی پارٹی کو ان کا فیصلہ قبول کرنا ہو گا۔‘‘

Scroll to Top