صوبہ خیبر پختونخوا میں باجوڑ کی تحصیل چرمانگ میں ایک مسجد کے اندر اچانک زور دار دھماکے کے نتیجے میں 30 سے زیادہ خوارج دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مسجد کی تہہ میں میں چھپائے گئے خفیہ بارودی مواد میں اچانک دھماکا ہو گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق خوارج دہشتگردوں نے مسجد کو اسلحہ ذخیرہ کرنے اور دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے مرکز کے طور پر استعمال کر رکھا تھا۔ اچانک ہونے والے دھماکے نے نہ صرف درجنوں دہشتگردوں کی جان لے لی بلکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ مسجد کی عمارت کا ایک بڑا حصہ شہید ہو گیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خارجی عرصے سے مسجد کے تقدس کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے، تاکہ ان کی سرگرمیاں سیکیورٹی اداروں کی نظروں سے اوجھل رہیں۔
ایک سیکیورٹی اہلکار نے کہا کہ ’خوارج دہشتگرد نے خود اپنے لیے یہ تباہی لائی، کیونکہ وہ ایک مقدس جگہ کو تشدد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ یہ ان کے دین، انسانیت اور معاشرے سے مکمل انحراف کا ثبوت ہے۔





