اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم سیاسی تناؤ کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو حکومت کی جانب سے گرفتاریاں شروع کر دی جاتی ہیں، جو صورت حال کو مزید خراب کرتی ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو نشانہ بنا کر جان بوجھ کر سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا گیا، اور آج ان کے دوسرے بیٹے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل میں آئیسولیٹ کیا جا رہا ہے، انہیں نہ اخبارات دیے جا رہے ہیں اور نہ ہی بنیادی معلومات تک رسائی دی جا رہی ہے۔
ان کے بقول ایسی حرکتوں سے عوام میں نفرت بڑھے گی اور صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر مملکت قانون وانصاف علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کی گرفتاری سے لاعلم
ادھر پولیس ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ عدالت سے واپس آ رہے تھے۔
شیر شاہ کو ان کے گھر سے کچھ فاصلے پر روکا گیا اور حراست میں لیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل ان کے بڑے بیٹے شاہریزکو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔





