خوشیوں بھری صبح، ایک لمحے میں قیامت، ماں اور بچے ملبے تلے جاں بحق

صوابی : خیبرپختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے بعد بونیر، صوابی اور دیگر علاقوں سے دل دہلا دینے والے مناظر اور واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

سیلابی ریلوں اور ملبے نے کئی گھر اجاڑ دیے، جہاں خوشیوں بھرے لمحات پل میں غم میں بدل گئے۔

رپورٹس کے مطابق صوابی کے علاقے دالوڑی گدون میں پہاڑ پر قائم ایک گھر میں ماں اپنے چار بچوں کے ساتھ ناشتہ کر رہی تھی جب اچانک ملبہ ان کے گھر پر آن گرا، اور وہ سب اس کے نیچے دب گئے۔

رضاکاروں کے مطابق جب لاشیں نکالی گئیں تو بچوں کے ہاتھوں میں پراٹھے تھے۔ اس افسوسناک منظر نے سب کو غمزدہ کر دیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کا والد روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک مقیم تھا، جو وطن واپس آ کر اپنے اہل خانہ کی لاشیں دیکھ کر سکتے میں آگیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب بہہ گیا، تباہی مچ گئی، مگر لوگوں پر ایک اور آزمائش آ گئی

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کا کام جاری ہے تاہم ذرائع کے مطابق کئی مقامی افراد اس سانحے کے بعد شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔

حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top