لاہور: اگر آپ فری لانسر ہیں، آن لائن کاروبار کرتے ہیں یا ریموٹ ملازمت کر رہے ہیں اور یورپ کے کسی خوبصورت ملک میں کام کرنے اور رہنے کا خواب رکھتے ہیں تو یونان کا ڈیجیٹل نوماڈ ویزا آپ کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔
یہ ویزا 2021 میں متعارف کروایا گیا تھا اور غیر یورپی یونین شہریوں بشمول پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہے۔ یہ ویزا ایک سال کے لیے جاری ہوتا ہے جسے مزید دو سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
پاکستانی شہری اس ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں کیونکہ پاکستان یورپی یونین یا یورپی اکنامک ایریا کا حصہ نہیں ہے۔
درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور شرط یہ ہے کہ آپ کی ملازمت یا کام یونان سے باہر کسی کمپنی یا کلائنٹ کے ساتھ ہو۔ مقامی سطح پر کام کرنا اس ویزے کے تحت ممنوع ہے۔
آمدنی کی کم از کم شرط 3,500 یورو ماہانہ (تقریباً 10.5 لاکھ روپے) رکھی گئی ہے۔ اگر آپ اپنی بیوی کو بھی اپنے ساتھ شامل کرتے ہیں تو اضافی 20 فیصد یعنی 700 یورو اور فی بچے کے لیے 15 فیصد یعنی 525 یورو زائد آمدنی ثابت کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ، نجی ہیلتھ انشورنس اور صاف جرائم کا سرٹیفکیٹ ہونا بھی لازمی ہے۔
درخواست دینے کے لیے چند اہم دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے جنہیں انگریزی یا یونانی زبان میں ترجمہ کرکے اپوسٹل (Hague Apostille) کے ساتھ جمع کرانا ہوگا۔
ان دستاویزات میں درخواست فارم، درست پاسپورٹ، دو بایومیٹرک تصاویر، ریموٹ کام کا ثبوت (کنٹریکٹ یا کاروباری رجسٹریشن)، گزشتہ 3 سے 6 ماہ کے بینک اسٹیٹمنٹس یا تنخواہ کی پرچیاں، ہیلتھ انشورنس کی تفصیلات، پولیس یا نادرا کا کریمنل ریکارڈ سرٹیفکیٹ اور رہائش کا ثبوت شامل ہیں۔ درخواست دہندہ کو یہ بھی یقین دلانا ہوتا ہے کہ وہ یونانی کمپنی کے لیے کام نہیں کرے گا۔
ویزا حاصل کرنے کا عمل نسبتاً آسان ہے اور اس میں 10 سے 30 دن لگتے ہیں۔ پہلے تمام دستاویزات تیار کرکے یونانی سفارتخانے یا وی ایف ایس گلوبل (اسلام آباد) میں اپوائنٹمنٹ لینی ہوتی ہے۔ وہاں فیس جمع کروائی جاتی ہے جو فی فرد 75 یورو (تقریباً 22,500 روپے) ہے۔ ویزا منظور ہونے کے بعد 10 دن سے ایک ماہ کے اندر ٹائپ ڈی ویزا جاری کر دیا جاتا ہے۔ یونان پہنچنے پر ایک ماہ کے اندر رہائشی کارڈ کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔
ویزا کی فیس 75 یورو ہے جبکہ فیملی ممبرز کے لیے 150 یورو فی فرد ادا کرنا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ہیلتھ انشورنس، دستاویزات کے ترجمے اور اپوسٹل کے اخراجات بھی شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت تقریباً 60,000 سے 150,000 روپے تک ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا: محکمہ صحت میں نئی بھرتیوں پرپابندی عائد
یہ ویزا پاکستانی فری لانسرز، ریموٹ ملازمین اور آن لائن کاروباری افراد کو یورپ میں بہتر زندگی گزارنے، کام کرنے اور عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ پاکستان کی فری لانس اکانومی کو بھی عالمی سطح پر نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔





