ٖفیڈرل پبلک سروس کمیشن کابھرتیوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا اعلان

اسلام آباد:فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے جنرل ریکروٹمنٹ کے لیے تحریری امتحانات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب صرف ایم سی کیوز پر مشتمل ٹیسٹ لیا جائے گا۔

ایف پی ایس سی نے ایک پبلک نوٹس جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ یہ نیا نظام 21 ستمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

پبلک نوٹس کے مطابق، تحریری امتحانات کی جگہ ایم سی کیوز پر مبنی ٹیسٹ متعارف کرایا جائے گا جو گریڈ 16 سے 21 تک کے تمام عہدوں کے لیے ہوگا۔

ایف پی ایس سی کے مطابق، بی ایس 16 اور 17 کے امیدواروں کے لیے ایک سو نمبروں پر مشتمل ایم سی کیو پیپر ہوگا، جبکہ بی ایس 18 اور اس سے زائد گریڈز کے لیے دو ایم سی کیوز پیپرز ہوں گے۔

کامیابی کے لیے امیدواروں کو کم از کم 40 سے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا اور ہر غلط جواب پر 0.25 نمبر کی کمی کی جائے گی۔ یہ نظام سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحانات پر لاگو نہیں ہوگا۔

Scroll to Top