تحریک انصاف نے 9 مئی کے مقدمات میں نااہل ارکان کو پارٹی کاچہرہ قرار دیدیا

تحریک انصاف نے 9 مئی کے مقدمات میں نااہل ارکان کو پارٹی کاچہرہ قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات میں ملوث اور نااہل قرار دیے گئے اپنے رہنماؤں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انہیں جماعت کا ’’اصل چہرہ‘‘ قرار دے دیا ہے۔ پارٹی نے ان ارکان کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

یہ مؤقف تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں سامنے آیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پارٹی کے تمام سیاسی معاملات مزید مشاورت کے لیے سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں اڈیالہ جیل میں جاری توشہ خانہ ٹرائل کی روزانہ سماعت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف ملزمان کے بنیادی حقوق کو متاثر کرتی ہیں بلکہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ بھی بنتی ہیں۔

پی ٹی آئی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہلی کا سامنا کرنے والے رہنما درحقیقت پارٹی کے ’’حقیقی نمائندے‘‘ ہیں، جنہیں ’’ناحق سزائیں‘‘ دی گئیں۔ ان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور ان شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

البتہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لاہور کے حلقہ این اے 129 سے ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لے گی۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی ہے، اور پارٹی نے یہاں سے امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید برآں، بانی تحریک انصاف کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے فوری استعفے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جب کہ دیگر پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی استعفے دینے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top