سہ فریقی ٹی20 سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مقابلے کے دوران افغان شائقین کی جانب سے شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد افغان شائقین بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوئے اور ہجوم نے شارجہ اسٹیڈیم کا مرکزی دروازہ بھی توڑ دیا۔
سیریز کے انعقاد سے قبل شارجہ اسٹیڈیم انتظامیہ نے ماضی کے ناخوشگوار واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے علیحدہ اسٹینڈز، پویلینز اور داخلے کے راستے مختص کیے گئے تھے، جبکہ دونوں ممالک کے شائقین کے لیے ٹکٹس کے رنگ بھی مختلف رکھے گئے تھے تاکہ کسی بھی بدنظمی سے بچا جا سکے۔
تاہم، انتظامیہ کی احتیاطی تدابیر کے باوجود افغان شائقین کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم میں بدنظمی پیدا کی۔ رپورٹ کے مطابق شائقین کا ایک ہجوم ٹکٹ کے بغیر داخل ہوا، جب کہ مرکزی گیٹ کے ساتھ مخصوص داخلی دروازہ بھی زبردستی توڑ دیا گیا
یہ صورتحال انتظامیہ کے لیے شدید چیلنج بنی رہی، اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ہجوم کو کنٹرول کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر پاک افغان میچز کے دوران شائقین کے نظم و ضبط پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔ قومی ٹیم آج اپنا دوسرا میچ میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔
اس واقعے پر تاحال شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم انتظامیہ یا اماراتی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ میچز میں سیکیورٹی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔





