خیبرپختونخوا میں اربن اور فلش فلڈنگ نے مزید 5 جانیں لے لیں

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں، اربن اور فلیش فلڈنگ کے نتیجے میں مزید 5 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ہیں، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 30 اگست سے جاری بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جان و مال کا نقصان ہوا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور اربن فلڈنگ سے مجموعی طور پر 6 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 3 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے جبکہ 3 کو جزوی نقصان پہنچا، یہ حادثات پشاور، جنوبی وزیرستان، خیبر اور ایبٹ آباد کے اضلاع میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 15 اگست سے اب تک جاری موسمی تغیرات اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 411 افراد جاں بحق اور 258 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 3580 مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور اور خیبر میں تیز بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ، امدادی سرگرمیاں جاری

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے۔

Scroll to Top