کابل: افغانستان کے شمال میں واقع ہندوکش کے علاقے بساول میں شدید زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔
ننگرہار کے محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، جو اتلی (گہرائی) 6.2 میل تھی۔ اس زلزلے کے جھٹکے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے، خاص طور پر جلال آباد کے قریب زبردست ہلچل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں اب تک 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔جبکہ متعدد گھر مہندم ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ مقامی باشندے خوف و ہراس میں گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔
آخری چند گھنٹوں کے دوران افغان سرحد کے قریب لگاتار زلزلے آ رہے ہیں جن میں سب سے بڑا زلزلہ 6 ریکٹر سکیل کا تھا جبکہ دیگر زلزلے 4 سے 5 شدت کے درمیان رہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں زلزلے کے زور دار جھٹکے
زلزلے ممکنہ طور پر ایک بڑے زلزلے کی پیشگی علامات ہو سکتے ہیں، تاہم فی الحال ایک بڑے زلزلے سے بچاؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
افغان حکام اور امدادی ادارے متاثرین کی مدد کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہیں اور علاقے میں حالات کو قابو میں رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔





