خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کیلئے اب تک 8 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ یہ بات صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ایک اہم بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صرف گزشتہ روز 1.5 ارب روپے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے جاری کیے گئے، جبکہ ایک ارب روپے فوڈ اسٹامپ اسکیم کی مد میں فراہم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بنیادی غذائی ضروریات فوری طور پر مہیا کی جا سکیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ’’صوبائی حکومت نے تمام سیلاب متاثرین کو 15 ہزار روپے فی خاندان خشک راشن کی مد میں فراہم کیے ہیں، تاکہ وہ فوری طور پر ریلیف حاصل کر سکیں۔‘‘
ترجیحات میں ضم اضلاع اور انفراسٹرکچر بھی شامل
مزمل اسلم نے بتایا کہ50 کروڑ روپے ضم شدہ اضلاع کے لیے فلڈ ریلیف کی مد میں مختص کیے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں بحالی کا عمل تیز کیا جا سکے۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) کو 1.56 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، جو متاثرہ سڑکوں کی کلیئرنس اور مرمت پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ٹی ایم ایز (تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز) کو 61 ملین روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر نکاسی آب، صفائی اور دیگر فوری مسائل حل کیے جا سکیں۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور فلاح کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور آئندہ مرحلوں میں مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔





