عوامی ریلیف کا منصوبہ کرپشن کی نذر،خیبرپختونخوا کا سولر منصوبہ کمیشن مافیا کی بھینٹ چڑھ گیا، عظمیٰ بخاری

خدمت کریں یا سیاست چھوڑ دیں، عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر گوہر کو کھلا چیلنج دے دیا

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کا سوچتی ہے، جبکہ آپ جیسے لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے میں مصروف رہتے ہیں۔

لاہور سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیلاب اور شدید بارشوں نے ملک بھر میں تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے، ایسے موقع پر بھی کچھ عناصر کو صرف اپنی سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کی فکر لاحق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر کے اپنے شہر بونیر میں 200 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، مگر خیبرپختونخوا حکومت تاحال یہ بتانے کے قابل نہیں کہ کتنے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا یا انہیں کیا ریلیف فراہم کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 10 لاکھ شہریوں اور 7 لاکھ مویشیوں کی جانیں بچائیں، متاثرہ علاقوں میں عارضی رہائش، خوراک اور مویشیوں کے لیے چارہ تک فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹانک: جنڈولہ سب ڈویژن میں بدھ کو کرفیو نافذ، تمام نقل و حرکت پر پابندی عائد

انہوں نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو اپنے لیڈر کی طرح ہر قومی سانحے پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی گندی عادت ہے۔ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، آپ صرف کیمرے تلاش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص خیبرپختونخوا اور پنجاب، شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں اور عوامی نمائندوں کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ زیر بحث ہے۔

Scroll to Top