پاکستان کے فیصلے ہم کریں گے کہ یہاں کون رہے گا کون نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کے فیصلے ہم کریں گے کہ یہاں کون رہے گا کون نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے افراد کے حوالے سے فیصلے پاکستان کے اختیار میں ہیں اور یہ فیصلہ پاکستان ہی کرے گا کہ یہاں کون رہے گا اور کون نہیں۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مہاجرین کا معاملہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان باقاعدہ ایجنڈے کا حصہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر دستاویزی افراد کو واپس بھیجا جائے گا کیونکہ پاکستان اپنی سرزمین پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے۔

انہوں نے جرمنی پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق افغان مہاجرین کو قبول کرے تاکہ مسئلہ بہتر طریقے سے حل ہو سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں پاکستان کے خلاف حملوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے افغانستان سے دہشت گردی کے خلاف مزید تعاون کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں خصوصاً افغانستان میں ایک سنگین مسئلہ ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات میں رکاوٹ کا باعث ہیں۔

شفقت علی خان نے کہا کہ طالبان کو چاہیے کہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔

Scroll to Top