وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے یومِ دفاع کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو ملک و قوم کی سلامتی کے لیے متحد ہو کر ایکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کا دن پاکستانی تاریخ کا ایک یادگار اور تاریخی دن ہے جس نے پوری دنیا کو واضح کر دیا کہ پاک فوج اور قوم وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یومِ دفاع کی یاد قومی جذبے اور قربانی کی روح کو زندہ کرتی ہے، اور وطن کے دفاع میں سکیورٹی اداروں کی بہادری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ملک کو درپیش داخلی، خارجی اور مالی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک آزاد اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے ذاتی مفادات اور امتیازات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی بقا کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے لیا جائے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے اس حساس مسئلے کی نزاکت کو سمجھ کر اس کے حل میں کردار ادا کریں۔
علی امین گنڈاپور نے یومِ دفاع کے موقع پر معرکہ حق میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔





