پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے سہ ملکی سیریز کی فتح سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہوئے انسانیت کا خوبصورت پیغام دیا۔ سیریز کے اختتام پر انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنی میچ فیس فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
سلمان آغا نے کہا’’ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم یکجا ہو کر متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے۔‘‘
شاہین شاہ آفریدی نے بھی اس جذبے کو سراہتے ہوئے کہا’’وطن کی مٹی آج ہم سے پکار پکار کر سیلاب متاثرین کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے۔ میری اپیل ہے کہ عوام دل کھول کر فلڈ ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں۔‘‘
سیریز کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ کپتان سلمان آغا کا کہنا تھا کہ’’یہ ایسی پچ تھی جہاں 140 رنز کا ہدف بھی مشکل ثابت ہو سکتا تھا۔ ہمیں معلوم تھا کہ مخالف ٹیم کے لیے بیٹنگ آسان نہیں ہو گی۔‘‘
انہوں نے آل راؤنڈر محمد نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ’’نواز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ ہر شعبے میں شاندار رہا۔ میں مشکل وقت میں اُس پر بھروسہ کر سکتا ہوں۔‘‘سلمان آغا نے مزید کہا کہ 2 اسپنرز کھلانے کا فیصلہ میچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، اور یہ حکمتِ عملی ہمارے حق میں گئی۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے شکست کی بنیادی وجہ پاور پلے میں 5 وکٹوں کے نقصان کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’یہ ایسی وکٹ تھی جس پر ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا، لیکن ہمارا آغاز بہت خراب رہا۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ پچ اتنی اسپن کرے گی۔‘‘
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں غلطیوں کی گنجائش کم ہوتی ہے اور ٹیم کو ایشیا کپ سے قبل کنڈیشنز سمجھنے کا اچھا موقع ملا ہے۔





