انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، مرکزی رہنما عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی قبل از گرفتاری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ 13 نومبر تک متعلقہ رہنماؤں کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی اور دیگر شخصیات عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے عمر ایوب، زرتاج گل اور دیگر کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف رمنا، سنگجانی، ترنول سمیت مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں، اور مجموعی طور پر 240 سے زائد ضمانتوں پر سماعت جاری ہے۔عدالت نے تمام فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنے دلائل مکمل کریں تاکہ مقدمات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا گیا تھا، جس پر مختلف تھانوں میں دہشت گردی، اشتعال انگیزی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔





