اسلام آباد: حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ کی تاریخ میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی علاقوں میں شدید موسم اور سیلاب کے باعث امتحانی مراکز میں انتظامات مکمل کرنا ممکن نہیں رہا، جس کے پیش نظر وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر امتحان کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئی شیڈول کے مطابق، ایم ڈی کیٹ اب 26 اکتوبر بروز اتوار ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا۔ قبل ازیں یہ امتحان ستمبر میں ہونے والا تھا، تاہم موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو نئی تاریخ کے مطابق رول نمبر سلپس اور دیگر تفصیلات بروقت فراہم کی جائیں گی تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
پی ایم ڈی سی نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے کونسل کی آفیشل ویب سائٹ اور متعلقہ یونیورسٹیوں کے نوٹس بورڈز پر باقاعدگی سے نظر رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایچ ایم سی پشاور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، سروسز معطل، مریضوں کی مشکلات بڑھ گئیں
دوسری جانب طلبہ اور والدین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملتوی ہونے سے نہ صرف طلبہ کو تیاری کا مزید وقت ملے گا بلکہ غیر یقینی صورتحال میں شرکت کی پریشانی سے بھی نجات ملے گی۔





