تنقید سے نہیں، اتحاد سے قوم بنتی ہے،سیلاب میں سیاست نہیں خدمت چاہیے،بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے چیئرمین کا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے قومی یکجہتی پر زور، نیشنل ایکشن پلان کی تجویز، اور حکومت کی امدادی کارکردگی پر عدم اطمینان

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاست نہیں، خدمت کی ضرورت ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’سیلاب کی لہروں میں سیاست نہیں، انسانیت کی پکار سننے کی ضرورت ہے۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق انہوں نے زور دیا کہ یہ وقت تنقید یا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور اجتماعی خدمت کا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا’’تنقید سے نہیں، اتحاد سے قوم بنتی ہے۔ ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔‘‘

پی ٹی آئی چیئرمین نے حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ایک مؤثر نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے خود میدان میں آنا ہوگا، کیونکہ متاثرین کے لیے فوری امداد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تین سال سے سیاسی سختیاں جھیل رہی ہے، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ایک مخصوص جماعت کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

Scroll to Top