اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری شہید کیپٹن تیمور حسن کی رہائش گاہ پہنچے اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
وزرا نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کیپٹن تیمور کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جوان اور اکلوتے بیٹے کی جدائی کا غم الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ آپ کی ہمت اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن تیمور حسن کی شادی شہادت سے تین روز بعد ہونا طے تھی، لیکن انہوں نے وطن پر اپنی جان نچھاور کر کے حقیقی عظمت حاصل کی۔
شہید کے والد بریگیڈیئر (ر) حسن عباس نے انتہائی صبر و استقامت کے ساتھ کہا میرا بیٹا اللہ کی امانت تھا، جو رب نے واپس لے لی۔ ہر کسی نے رب کے پاس لوٹنا ہے، کامیاب وہی ہیں جو عزت سے واپس جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو: پولیس پارٹی پر فائرنگ، بدنامِ زمانہ منشیات فروش سیف دین مقابلے میں ہلاک
اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون اور حکومتی سطح پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔





