چھکے پر 10، چوکے پر 6 رنز: جدہ میں کرکٹ ہنگامہ 23 ستمبر سے شروع ہوگا

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرکٹ کے شائقین کے لیے خوشخبری 6 اوورز کرکٹ ہنگامہ ٹورنامنٹ 23 ستمبر 2025 سے شروع ہو گا، جو ویسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم الوطنی کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

چیف آرگنائزر ندیم الندوی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے 6 ٹیمیں جدہ، 2 تبوک، 2 دمام، جبکہ طائف اور ینبع سے ایک ایک ٹیم شامل ہے۔ ٹورنامنٹ میں 7 بین الاقوامی کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، جو ایونٹ کی خاص بات ہوں گے۔

قومی ٹیم کے سابق اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق اور فاسٹ بولر عمر گل بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ صہیب مقصود، سہیل خان، سہیل تنویر، عثمان خان اور عماد بٹ پہلی مرتبہ براہ راست ٹیموں کا حصہ بن کر میدان میں اتریں گے۔

منفرد قوانین، ڈبل رنز ،اس منفرد ایونٹ کو کرکٹ ہنگامہ کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ روایتی کرکٹ کے برعکس اس میں قوانین کو ایک دلچسپ انداز میں ترتیب دیا گیا ہے،چھکا مارنے پر 10 رنز، چوکا مارنے پر 6 رنز ،وائیڈ اور نو بال پر2 رنز۔

چیف آرگنائزر کے مطابق اس کا مقصد میچز کو تیز، دلچسپ اور ہائی اسکورنگ بنانا ہے تاکہ تماشائی بھرپور لطف اٹھا سکیں۔

شائقین کے لیے انعامات اور بڑی پرائز منی، تماشائیوں کے لیے بھی خصوصی قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شائقین قیمتی انعامات جیت سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ایشیا کپ سے باہر

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 30 ہزار سعودی ریال دیے جائیں گے، جو کہ سعودی عرب میں ہونے والے مقامی کرکٹ ایونٹس میں ایک بڑی انعامی رقم تصور کی جا رہی ہے۔

ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیمیں اور کھلاڑیوں کی موجودگی جدہ میں مقیم پاکستانی، بھارتی اور دیگر ایشیائی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا تفریحی موقع ہوگی۔

Scroll to Top