آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے کن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے کن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق منگل کے روز مذکورہ بالا علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، جھکڑ اور ژالہ باری سے روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

بالائی علاقوں کے لیے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کے انتظامات کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم کشمیر کے چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں مظفرآباد سٹی میں 6 ملی میٹر اور ایئرپورٹ پر 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔

Scroll to Top