قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ

قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ

ایشیا کپ 2025 کے گروپ اے کے میچ میں بھارت کی پاکستان کیخلاف سات وکٹوں سے جیت کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے نے کرکٹ کے میدان میں تنازعہ پیدا کر دیا ہے۔ اس واقعے پر ایشین کرکٹ کونسل (ACC) نے نوٹس لیا ہے اور ممکنہ تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑی روایت کے برخلاف سیدھے ڈریسنگ روم کی طرف چلے گئے اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، جس پر پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق ACC اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور جلد ہی تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔ امکان ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، تاہم حتمی اعلان ACC کے باضابطہ اعلامیے کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے موقف اختیار کیا ہے کہ کرکٹ کے قوانین میں ہاتھ ملانے کی کوئی شرط موجود نہیں اور یہ صرف نیک نیتی کا اظہار ہے، جسے کسی ٹیم پر لازم نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سینئر بھارتی عہدیدار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو میں کہا کہ “قوانین کے مطابق کھلاڑی میچ ختم ہونے پر مخالف ٹیم کو مبارکباد دینے کے پابند ہیں، لیکن ہاتھ ملانا ضروری نہیں ہے۔”

رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پورے ایشیا کپ کے دوران پاکستان سے ہاتھ نہ ملانے کی پالیسی پر قائم رہے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں آئندہ اتوار کو دوبارہ مد مقابل ہوں گی، جبکہ 28 ستمبر کو فائنل بھی انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے کا قوی امکان ہے۔

Scroll to Top