بنوں / کرک : خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں پولیس نے دہشت گردوں کے منظم حملوں کو بہادری اور حکمت عملی سے ناکام بنا دیا، جس کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس کے 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے میریان تھانے اور بعد ازاں مزنگ پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔
میریان تھانے پر حملہ صرف 20 منٹ میں پسپا کر دیا گیا، جب کہ مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔ ان کے ساتھی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے۔
حملے میں پولیس کے تین اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں ہوید پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں کا حملہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی جاری
دوسری جانب ضلع کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بھرپور دفاع کیا اور دہشت گردوں کو تھانے کے قریب بھی نہ آنے دیا۔
ڈی پی او کرک کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد پسپا ہو گئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا تھا، تاہم چاق و چوبند نفری اور پیشگی تیاری کی وجہ سے شدت پسند اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔





