ایشیا کپ تنازع ختم! اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن ریفری مقرر

ایشیا کپ تنازع ختم! اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن ریفری مقرر

ایشیا کپ 2025 کے اہم مرحلے سے قبل ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحفظات کے بعد متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ سابق ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری مقرر کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے اہم میچ سے قبل سامنے آیا، جو دونوں ٹیموں کے لیے سپر فور مرحلے میں رسائی کے لیے انتہائی فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت عمل میں آئی جب 14 ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد شدید تنازع کھڑا ہو گیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارت نے سوریا کمار یادو کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان کا 128 رنز کا ہدف محض 16ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

تاہم میچ کے بعد اسپورٹس مین اسپرٹ کے حوالے سے سوالات اٹھے، جب یادو اور شیوَم دوبے نے روایتی مصافحے (ہینڈ شیک) کے بجائے صرف ’’فسٹ بمپ‘‘ کیا اور فوراً میدان سے باہر چلے گئے، جبکہ پاکستانی کھلاڑی مصافحے کے لیے انتظار کرتے رہ گئے۔

اس واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میری لی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو خط ارسال کیا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ میچ ریفری کے کہنے پر کھلاڑیوں نے نہ تو ٹاس کے وقت اور نہ ہی میچ کے اختتام پر مصافحہ کیا، جو کھیل کی روایت، ضابطہ اخلاق اور روح کے سراسر خلاف ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ اینڈی پائی کرافٹ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے اور ان کا رویہ غیرجانبداری کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔

ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے، تاہم بعد میں مؤقف میں تبدیلی کرتے ہوئے رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ رچی رچرڈسن کرکٹ کی دنیا میں ایک معتبر نام ہیں، اور ان کی بطور میچ ریفری تقرری کو پاکستان سمیت شائقین کرکٹ نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

Scroll to Top