بانی پی ٹی آئی تک رسائی سے محروم، عدالت حکم دے، جیل انتظامیہ انکار کرے! عمر ایوب برہم

بانی پی ٹی آئی تک رسائی سے محروم، عدالت حکم دے، جیل انتظامیہ انکار کرے! عمر ایوب برہم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پُرزور کوششوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جیل انتظامیہ پر عدالت کے احکامات نہ ماننے کا الزام بھی عائد کیا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’’ہم بانی پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں، لیکن ہمیں 40 سال کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ ایک طرف فیصل آباد کی عدالت کچھ کہتی ہے، دوسری طرف سرگودھا کی عدالت کچھ اور فیصلہ سنا دیتی ہے۔‘‘

انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں 366 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا تھا، جس پر صدر آصف علی زرداری نے دستخط کیے۔ تاہم نئے آڈیٹر جنرل نے دعویٰ کیا کہ یہ بدعنوانی 10 کھرب روپے تک جا پہنچی ہے۔ ’’جب ان سے پوچھا گیا تو جواب ملا کہ یہ ٹائپنگ کی غلطی تھی۔ اگر یہ ڈکیتی نہیں تو پھر اور کیا ہے؟

انہوں نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’روٹی مہنگی صرف سیلاب کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ پنجاب حکومت نے کے پی کو ایک کلو آٹا دینے سے بھی انکار کر دیا۔‘‘

عمر ایوب نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب سیلاب زدہ علاقوں میں عوام مدد کرنے جاتے ہیں تو ان پر ایف آئی آر درج کر دی جاتی ہے، یہ سوال کیا جاتا ہے کہ امدادی تھیلے پر مریم نواز یا شہباز شریف کی تصویر کیوں نہیں لگی؟‘‘

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیل انتظامیہ کو عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

Scroll to Top