وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات، اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت نے پاکستان کو ایک نئے تاریخی مقام پر لا کھڑا کیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والا دفاعی معاہدہ اعتماد، عزت اور برادرانہ رشتہ کی نئی بنیاد ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ اب پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی ایک دوسرے سے الگ نہیں بلکہ ایک دوسرے کی ڈھال ہے۔ یہ معاہدہ وزیراعظم کی بصیرت کا عملی اظہار ہے، جس نے پاکستان کو خطے اور امت مسلمہ میں ایک ذمہ دار، پرعزم اور پراثر کردار کے طور پر منوایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ صرف آج کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا بلکہ آنے والی نسلوں کی سلامتی اور استحکام کو بھی تحفظ دیتا ہے۔ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور یہ معاہدہ کروڑوں پاکستانیوں کے ایمان، محبت اور عقیدت کا عکس ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ عسکری اور سول قیادت نے مل کر دفاعی شراکت داری کو ایک نئی بلندی تک پہنچایا ہے، اور یہ معاہدہ پاک-سعودی تعلقات کے لیے ایک نیا دور رقم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ محض ایک دفاعی ڈھانچہ نہیں بلکہ امن، اعتماد اور باہمی عزت کا ایسا عہد ہے جو خطے میں استحکام، عالمی سطح پر امن اور امت مسلمہ کی اجتماعی طاقت کو مضبوط بنائے گا۔





