کراچی (پختون ڈیجیٹل)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ اسلامی بلاک کی تشکیل کی جانب پہلا قدم ہے، اور پاکستان و سعودی عرب امت مسلمہ کی قیادت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ہر محاذ پر قوم کی نمائندگی کرتی رہے گی، اور چاروں صوبوں میں امن مارچ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی چورنگی پر سندھ امن مارچ کے اختتامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ مارچ 14 ستمبر کو کشمور کندھ کوٹ سے شروع ہوا تھا اور مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا کراچی پہنچا، جہاں ایئرپورٹ سے مولانا فضل الرحمٰن نے خود مارچ کی قیادت کی۔
جلسے سے مولانا عبدالغفور حیدری، انجینئر ضیاء الرحمن، علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل، قاری عثمان، اسلم غوری سمیت کئی مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جب کہ ڈاکٹر ابراہیم جتوئی، میر شاہزین بجارانی، سینیٹر عبدالقیوم سومرو، میر پپو خان چاچڑ اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہم نے ہمیشہ امن کا پرچار کیا، قوم کی رہنمائی کی، اور یہ پیغام دنیا کو دیا کہ ہمیں امن اور انصاف دونوں درکار ہیں۔
ہم نے یہودیت اور قادیانیت کی فکری یلغار کے خلاف مؤثر مزاحمت کی ہے۔ پاکستان کی بنیاد ہی مظلوموں کی حمایت پر رکھی گئی تھی اور ہم اسی نظریے پر قائم ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں جے یو آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، تاہم جماعت نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
> ریاست کے اندر ریاست کے ہم قائل نہیں۔ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا، ہمیں راستوں میں روکا گیا، مگر ہم رکے نہیں۔ قوم اب اپنے خیرخواہوں کو پہچاننے لگی ہے۔
انجینئر ضیاء الرحمن نے کہا کشمور سے شروع ہونے والے اس مارچ کی ایک خاص معنویت ہے، کیونکہ وہیں سے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابی مینڈیٹ ہمیں واپس دیا جائے۔ حکمران حرمین شریفین کی حفاظت کا دعویٰ کرتے ہیں مگر اپنے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے سے بھارت کی بے چینی بڑھ گئی
علامہ راشد محمود سومرو نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ انتخابات میں بھی مینڈیٹ چوری ہوا تو چور ایوانوں میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
> کراچی مسائلستان بن چکا ہے۔ اسٹریٹ کرائمز نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اور سیکیورٹی ادارے اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود ناکام نظر آتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سے کشمور تک ڈاکوؤں کے خلاف جدوجہد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں جاری رہے گی۔
جلسے میں سندھ بھر سے ہزاروں کارکن شریک ہوئے، جنہوں نے سندھ اسمبلی سے فوارہ چوک، میٹرو پول اور زینب مارکیٹ تک پنڈال بھر دیا۔
اختتامی خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یہ مارچ صرف ایک آغاز ہے، انشاءاللہ ہم ملک بھر میں ایسے مارچ کریں گے۔ قوم جاگ اٹھی ہے، اب مزید دھوکہ نہیں چلے گا۔





