ایشیاکپ:سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے افغانستان کو ہرا دیا

ابوظبی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے 11ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ابوظبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس اہم میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

محمد نبی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں ابراہیم زادران اور راشد خان نے 24، 24 رنز اسکور کیے، جب کہ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز بنائے۔ سری لنکن بولر نوان تھوشارا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا اور 19ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔ کوشل مینڈس 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کمندو مینڈس نے 26 رنز کا اہم ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں : بگرام ایئربیس واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں،ٹرمپ

اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے گروپ بی سے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ افغانستان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

Scroll to Top