امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے دو روزہ سرکاری دورے کے بعد وطن واپسی پر میئر لندن صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے برطانیہ میں گزشتہ رات ہونے والے اسٹیٹ بینکوئٹ میں صادق خان کو مدعو نہ کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ انہیں پسند نہیں کرتے اور نہیں چاہتے تھے کہ وہ تقریب میں شریک ہوں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میئر لندن صادق خان ونزر کاسل میں ہونے والی شاہی ضیافت میں آنا چاہتے تھے لیکن ان کی درخواست پر انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔
انہوں نے صادق خان کو دنیا کے بدترین میئرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہے۔ مزید برآں، ٹرمپ نے صادق خان کو امیگریشن کے حوالے سے بھی ایک آفت قرار دیا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ دو روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ میں تھے جہاں انہوں نے برطانیہ کے ساتھ ٹیکنالوجی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سعودی عرب کا نیٹو طرز کا دفاعی معاہدہ، عرب دنیا کے لیے دروازے کھل گئے،خواجہ آصف
اس دوران ان کے اعزاز میں ونزر کاسل میں شاہی خاندان کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا جس میں شاہی خاندان کے افراد، برطانوی سیاستدانوں اور امریکی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
صدر ٹرمپ آج برطانیہ کا سرکاری دورہ مکمل کرکے امریکہ روانہ ہوگئے ہیں۔





