پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی دفاعی معاہدے پر ملک بھر میں یومِ تشکر منایا گیا۔
جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں علما کرام نے ملک کی سلامتی، حرمین شریفین کے تحفظ اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
مرکزی اجتماع میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا حرمین شریفین کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں، اس مقدس سرزمین کا دفاع ہر مسلمان کا ایمانی فریضہ ہے۔
انہوں نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کو عظیم اور تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امت مسلمہ کے دل جیت لیے، دشمن قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ باطل مٹے گا اور حق بلند ہوگا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے معاہدے کو پوری امت مسلمہ کی آواز قرار دیا اور کہا کہ یہ صرف پاکستان یا سعودی عرب کا نہیں بلکہ مسلم دنیا کا مشترکہ فخر ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا سعودی عرب سے ہمارا تعلق ایمان اور عقیدے کا ہے، تحفظِ حرمین شریفین پر ہمارا کامل یقین ہے، یہ معاہدہ گریٹر اسرائیل منصوبے کو زمین میں دفن کرنے کے مترادف ہے۔
علامہ سجاد جوادی نے بھی معاہدے کو قومی اتحاد و وحدت کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺ کی حفاظت ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ
علامہ نعیم پاشا نے اس موقع پر کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ نے کعبہ کی حفاظت کی سعادت دی، روضہ رسول ﷺ کی چوکیداری کا سہرا صرف افواج یا حکمرانوں کو نہیں بلکہ پوری قوم کو جاتا ہے۔”





