چترال :لوئر چترال میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے گرم چشمہ روڈ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے، جس کے باعث علاقے میں ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
سیلابی ریلے سڑک کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچانے سے شہریوں اور مقامی دیہات کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ روڈ بند ہونے کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے طلبہ، مریضوں اور ملازمت پیشہ افراد کو آمد و رفت میں سخت دشواری ہو رہی ہے، جبکہ اشیائے خورونوش کی فراہمی بھی متاثر ہو گئی ہے۔
علاقے کے رہائشیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بحالی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ان مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرم چشمہ روڈ کی بحالی کے لیے مشینری اور عملے کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عنقریب قبائلی اضلاع کے پی ٹی آئی ایم این ایز اور ایم پی ایز کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے، فیاض چوہان کا انکشاف
ترجمان نے کہا کہ متاثرہ حصوں کی صفائی مکمل کر کے جلد ہی ٹریفک کی روانی بحال کر دی جائے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔





