پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ایک نئی جہت اختیار کر گئی ہے، دونوں ممالک کے مابین زرعی، تعلیمی اور سبز ترقیاتی منصوبوں میں نمایاں پیشرفت سامنے آ گئی ہے، جو کہ ترقی اور استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق زرعی، تعلیمی اور ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور قومی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔
یہ پیشرفت ایس آئی ایف سی (اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل) کی معاونت سے ممکن ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ان معاہدوں کے ذریعے نہ صرف اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بلکہ تعلیمی شعبے میں بھی نوجوانوں کو اسکالرشپس اور جدید تعلیمی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
چینی تعاون سے نہ صرف زراعت میں جدت لائی جائے گی بلکہ گرین ڈویلپمنٹ کے اہداف کو بھی تقویت ملے گی، جو کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت پاکستان کے لیے نہ صرف اقتصادی میدان میں مثبت نتائج لائے گی بلکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔





